فرد جرم عائد ہونے کے بعد ٹرمپ کا بڑا بیان، امریکی قوم تنزلی کا شکار ہے
ڈونلڈ ٹرمپ پر لگائی گئی فرد جرم میں ان پر امریکا کو دھوکہ دینے اور لوگوں کے حقوق پامال کرنے کے الزامات شامل ہیں۔
سحرنیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر کیپیٹل ہل حملے اور 2020 کے صدارتی الیکشن پر اثر انداز ہونے کے الزام میں فرد جرم عائد کردی گئی۔ اس طرح 2020 کے صدارتی الیکشن پر اثر انداز ہونے کا کیس منطقی انجام کی جانب بڑھنے لگا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حقوق پامال کرنے کی سازش کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔
فرد جرم عائد کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی قوم تنزلی کا شکار ہے۔
دوسری جانب اسپیشل کونسل جیک اسمتھ نے کہا ہے کہ عدالت سے ٹرمپ کے خلاف صدارتی الیکشن پر اثرانداز ہونے کے کیس کی تیز سماعت کا کہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے حامیوں کو جھوٹ کی بنیاد پر کیپیٹل ہل پر حملے کےلئے اکسایا گیا تھا، صدر بائیڈن کی کامیابی کو تسلیم نہ کرنے کےلئے کیپیٹل ہل پر چڑھائی کی گئی۔
کچھ روز قبل ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 جنوری کیپیٹل ہل حملہ کیس میں شامل تفتیش اپنی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ پر تیسری بار فرد جرم عائد کی گئی ہے۔