یوکرین جنگ کی آگ میں جرمنی گھی کا کام کر رہا ہے
جرمنی کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین کو جدید یو اے وی فراہم کرے گا۔
سحر نیوز/ دنیا: جرمنی کے بِلڈ اخبار نے اطلاع دی ہے کہ برلن یوکرین کی فوج کو اس سال کے آخر تک "لونا" ڈرون کی نئی نسل فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
فارس نیوز کے مطابق جرمن ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ برلن، یوکرین کی فوج کو اس سال کے آخر تک LUNA NG نئی نسل کے جاسوس ڈرون فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
بلڈ اخبار کے مطابق یہ ڈرون جرمن حکومت کے معاہدے کے تحت جرمن فوجی کمپنی ’رین میٹل‘ بھیجے گی۔ لونا ڈرونز کے علاوہ، جرمنی کے فوجی پیکج میں ان ڈرونز کے لیے زمینی کنٹرول اسٹیشن، لانچ پیڈ اور فوجی ٹرک بھی شامل ہوں گے۔
اس مسئلے کا حوالہ دیتے ہوئے اسپوتنک خبر رساں ایجنسی نے لکھا کہ لونا ڈرونز کی نئی نسل ایک جدید فوجی نظام ہے جو نہ صرف جاسوسی مشنز کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ ایل ٹی ای نیٹ ورک، انٹرسیپشن اور جیمنگ سسٹم کو برقرار رکھنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
ان ڈرون طیاروں کی زیادہ سے زیادہ اونچائی پانچ ہزار میٹر ہے اور کئی سو کلومیٹر دور سے ہی یہ اپنے ہدف کی شناخت کر سکتا ہے۔
گزشتہ موسم بہار میں یوکرینی فوج کی جوابی کارروائیوں میں ناکامی کے بعد، مغربی ممالک مالی امداد بڑھانے اور یوکرین کو مزید ہتھیار بھیجنے کی کوشش کر رہے ہیں۔