یو این سیکورٹی کونسل میں شیراز حملے کی مذمت
اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے شیراز میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت اور شھدا کے خاندان اور ایران کی حکومت سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے کل بدھ کو اپنے اجلاس میں شیراز میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی شدت سے مذمت کی ہے۔ سلامتی کونسل کے اراکین نے کہا کہ ہم شیراز کے شاہ چراغ حرم میں، مذموم و بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں دو ایرانی مارے گئے اور 8 زخمی ہوئے اور جس کی ذمہ داری داعش پر ہے-
اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے اراکین نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی ہر شکل اور صورت میں عالمی امن و امان کےلئے ایک خطرہ ہے اور یہ ایک مجرمانہ اور ناقابل توجیہ اقدام ہے۔ یو این سیکورٹی کونسل اراکین نے رکن ممالک سے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری کرنے پر تاکید کی۔
سلامتی کونسل کے اراکین نے مذموم دہشت گردانہ اقدامات کے ذمہ داروں، انہیں منظم کرنے والوں، انہيں مالی امداد دینے والوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کو سزا دیئے جانے کی ضرورت پر زور دیا اور تمام ملکوں سے مطالبہ کیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی بنیاد پر اپنی ذمہ داریوں کے تحت اسلامی جمہوریہ ایران اور تمام متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں تعاون کریں۔ بیان میں زور دیا گیا ہے کہ ہر قسم کی دہشت گردی چاہے جس وجہ سے ہو، چاہے جہاں ہو ، جس وقت بھی ہو اور چاہے جس کے ذریعے کی گئی ہو، مجرمانہ فعل ہے جس کا کوئي جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ شیراز میں حرم شاہ چراغ علیہ السلام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے سربراہ کے نام خط بھیج کر شاہ چراغ میں دہشت گردانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس قسم کے نفرت انگیز و وحشیانہ دہشت گردانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے اپنے ٹھوس عزم پر تاکید کرتا ہے۔