ایران اور روس کا فوجی تعاون کسی دباؤ کو برداشت کئے بغیر جاری رہے گا: ریابکوف
روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے کہا ہے کہ ایران اور روس کے درمیان فوجی تعاون جاری رہے گا اور واشنگٹن کے بے بنیاد دعوؤں سے روس جیوپولیٹکل دباؤ کا شکار نہیں ہوگا۔
سحرنیوز/دنیا: ریانووستی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ نے واشنگٹن کے ان بے بنیاد دعووں پر ردعمل دکھایا ہےجس میں واشنگٹن روس پر الزام لگاتا آیا ہے کہ وہ ایرانی ساختہ ڈرون طیارے یوکرین میں استعمال کر رہا ہے۔ روئیٹرز کی رپورٹ کے مطابق اس سوال پر ریابکوف نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان فوجی تعاون جاری رہے گا اور وہ واشنگٹن کے جیوپولیٹیکل دباؤ کا شکار نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہماری پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق تہران نے روس کو ڈرون طیاروں کی فراہمی کے حوالے سے بارہا مغربی ممالک کے الزامات کی تردید کی ہے۔ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے جنوبی افریقہ دورے کے دوران کہا ہے کہ ایران، یوکرین روس جنگ میں کسی فریق کا حامی نہیں ہے اور جنگ کو مشکلات کا حل نہیں سمجھتا اور ہمارا خیال ہے کہ فریقین سیاسی راہ حل تلاش کریں اور یوکرین جنگ میں ایران کے ڈرون طیاروں کا استعمال ایک غلط اور بے بنیاد دعوی ہے۔