امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں امریکی ایف 35 جنگی طیارہ لاپتہ
امریکی ایف 35 جنگی طیارے کے پائلٹ نے خود کو ایمرجنسی طور پر ایجکٹ کرنے سے پہلے جہاز کو آٹوپائلٹ پر لگا دیا جس سے جہاز گم ہو گیا ہے اور ابھی تک اس کی خبر نہیں مل سکی-
سحرنیوز/دنیا:امریکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکی تاریخ کا سب سے مہنگا اور جدیدترین جنگی طیارہ ایف 35 جنوبی کیرولینا میں اڈے سے پرواز کے بعد خرابی کا شکار ہوگیا اور پائلیٹ نے خود کو ایمرجنسی طور پر ایجیکٹ کرنے سے پہلے جہاز کو آٹوپائلٹ پر لگا دیا جس سے جہاز کے گرنے کی جگہ کا علم نہیں ہو سکا ہے اور ایف 35 طیارہ گم ہو گیا ہے۔ پائلٹ کے مطابق اس نے طیارے میں خرابی کا علم ہونے کے بعد اپنی سیٹ ایجکٹ کرنے سے پہلے اسے آٹو پائلٹ پر منتقل کیا تھا-
معلومات کے مطابق طیارہ حادثے شکار ہوچکا ہے لیکن تاحال لاپتہ ہے، کیونکہ طیارے کا پائلٹ پہلے ہی طیارے سے کود گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق پائلٹ کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔
مقامی ریاست کے میڈیا نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس تباہ ہونے والے جنگی طیارے کے مقام کے بارے میں پتہ لگانے میں مدد کریں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی ایف 35 طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے بعد اس کی پروازوں پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
علاقے میں موسم بہتر ہونے کے بعد جنوبی کیرولینا کے قانون نافذ کرنے والے ڈویژن کا ایک ہیلی کاپٹر بھی امریکی فوج کے ساتھ طیارے کی تلاش میں شامل ہو چکا ہے۔