چین کے سابق وزیر خارجہ امریکی ایجنٹ کا شکار ہوگئے
چین کے سابق وزیر خارجہ اور صدر کے معتمد خاص چن گینگ کی چند ماہ قبل عہدے سے برطرفی کی حیران کن وجوہات سامنے آگئی ہیں۔
سحر نیوز/ دنیا: وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ چین میں حکمراں جماعت کی تنظیمی انکوائری میں 56 سالہ سابق وزیر خارجہ چن گینگ پر امریکا میں 40 سالہ صحافی خاتون کے ساتھ غیر ازدواجی تعلقات کا انکشاف ہوا تھا۔
چین کے سابق وزیر خارجہ اور خاتون صحافی کے درمیان تعلقات کا آغاز اس وقت ہوا جب وہ امریکا میں چین کے سفیر کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ گینگ جولائی 2021 سے جنوری 2023 تک امریکا میں تعینات رہے۔
اس کے بعد وہ وزیر خارجہ بنائے گئے تھے لیکن 7 ماہ بعد ہی پُراسرار طور پر انہیں عہدے سے سبکدوش کردیا گیا تھا۔
چین کی وزارت خارجہ نے اپنے وزیر کی ایک ماہ سے زیادہ عرصے تک عدم دستیابی کی وجہ ان کی گرتی ہوئی صحت کو قرار دیا تھا تاہم بعد ان کی برطرفی کی تصدیق کی تھی۔
دوسری جانب مقامی میڈیا میں یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ چین کے سابق وزیر خارجہ چن گینگ کیمبرج سے تعلیم یافتہ صحافی کے عشق میں مبتلا ہوگئے تھے جو مبینہ طور پر امریکا کی ڈبل ایجنٹ تھیں اور خاتون کا تائیوان اور ہانگ کانگ سے بھی تعلق تھا۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق چین کی حکمراں جماعت کے ایک اہم اجلاس میں وزرا اور رہنماؤں کو وزیر خارجہ کی برطرفی سے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ وہ طرز ندگی کے مسائل کا شکار تھے۔