الہام علی اف اور پوتین کی ٹیلی فونی گفتگو، قرہ باغ میں روسی فوجیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار
آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے قرہ باغ میں روسی فوجیوں کی ہلاکت پر روس کے صدر ولادیمیر پوتین سے ٹیلی فون کے دوران معذرت اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: اسپوتنک نیوز کی رپورٹ کے مطابق روس کے صدارتی دفتر کے ترجمان دیمیتری پسکوف نے آذربائیجان کے صدر الہام علی اف کی روس کے صدر ولادیمیر پوتین سے ٹیلی فونی گفتگو اور آذربائیجان کی جانب سے قرہ باغ جھڑپوں کے دوران، روسی فوجیوں کی ہلاکت پر معذرت اور افسوس کا اظہار کرنے کی خبر دی ہے۔
اس ٹیلی فونی گفتگو میں روس کے صدر ولادیمیر پوتین نے قرہ باغ کے شہریوں کے حقوق کی پاسداری اور انہیں تحفظ فراہم کرنے جیسے معاملات پر تاکید کی۔
رپورٹ کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے روس کے صدر ولادیمیر پوتین کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ روسی فوجیوں کی ہلاکت کے معاملے میں مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور ملوث افراد کو سزا دی جائے گی۔
روسی سیکورٹی اداروں کی رپورٹ کے مطابق روسی افواج کی ہلاکت میں ملوث آذربائیجان کے کمانڈر کو ان کے عہدے سے ہٹا کر اور ملوث افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آذربائیجان کے صدر نے ہلاک ہونے والے روسی فوجیوں کے خاندانوں کی مالی مدد کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔