Sep ۲۴, ۲۰۲۳ ۰۹:۳۰ Asia/Tehran
  • ایران ایٹمی ہتھیاروں کے درپے نہیں ہے: روسی وزیر خارجہ

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے ایٹمی ہتھیار کے حرام ہونے کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے فتوے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کے درپے نہیں ہے۔

سحرنیوز/دنیا: روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے سنیچر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر کہا کہ کوئی نہیں چاہتا کہ دنیا میں ایٹمی اسلحہ رکھنے والے ملکوں کی تعداد میں اضافہ ہو۔
انھوں نے کہا کہ  اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ اس کا ایٹمی ہتھیار بنانے کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔
روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اس سلسلے میں رہبر انقلاب نے بھی فتوی دیا ہے اسی بنا پر ہم سمجھتے ہیں کہ چونکہ وہ ایٹمی اسلحہ نہیں بنائيں گے لہذا ایران کے پڑوسی بھی اس راستے پر چلنے کے بارے میں نہیں سوچیں گے، لاؤروف نے یہ بات سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حالیہ بیان کے تعلق سے تاس کے نامہ نگار  کے سوال کے جواب میں کہی۔
محمد بن سلمان نے بدھ کے روز امریکا کے فاکس ٹی وی چینل سے انٹرویو میں کہا تھا کہ ایٹمی اسلحے کا کوئی فائدہ نہیں ہے کیونکہ اس کا استعمال نہیں کیا جاسکتا اور دنیا ایک اور ہیروشیما کو تحمل نہیں کرسکتی۔
بن سلمان نے ایٹمی اسلحے تک ملکوں کی دسترسی کی بابت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جو ملک بھی ایٹمی اسلحہ استعمال کرے گا اس کو دنیا کے سبھی ملکوں کے ساتھ جنگ کا سامنا ہوگا۔
سعودی عرب کے ولی عہد نے اسی کے ساتھ کہا تھا کہ اگر ایران نے ایٹمی اسلحے تک دسترسی حاصل کی تو ان کا ملک بھی ایٹمی اسلحہ حاصل کرے گا۔

ٹیگس