Oct ۰۴, ۲۰۲۳ ۰۹:۲۰ Asia/Tehran
  • امریکہ: ریپبلکن اسپیکر کیون مک کارتھی عہدے سے برطرف

امریکی ایوان نمائندگان میں ریپبلکنز نے عدم اعتماد کے ووٹ کے ذریعے ہاؤس اسپیکر کیون مک کارتھی کو عہدے سے ہٹا دیا۔

سحرنیوز/ دنیا: سخت گیر ری پبلکن ارکان کی جانب سے مک کارتھی کے خلاف پیش کی گئی قرار داد پر ایوانِ نمائندگان نے 210 کے مقابلے میں 216 ووٹوں سے اسپیکر کو فارغ کیا ۔

 امریکہ کی 234 سالہ تاریخ میں پہلی بار ایوان نے اسپیکر کے خلاف ووٹ دیا- ہاؤس اسپیکر کو ایسے وقت میں فارغ کیا گیا ہے جب الیکشن میں محض ایک سال باقی ہے۔

مک کارتھی نے حکومتی شٹ ڈاؤن کو روکنے کے لیے دو طرفہ کوششوں کا انتظام کیا تھا، ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس سے تعاون پر سخت گیر ری پبلکن ارکان مک کارتھی سے ناراض تھے۔ مک کارتھی رواں سال 7 جنوری کو ایوان نمائندگان کے اسپکر منتخب ہوئے تھے وہ 369 دن عہدے پر رہے جو امریکی تاریخ کی تیسری مختصر ترین مدت ہے۔

دوسری جانب امریکی ایوانِ نمائندگان کے سابق ہاؤس اسپیکر کیون مک کارتھی نے اس واقعہ سے دل برداشتہ ہوکر دوبارہ اسپیکر کا انتخاب نہ لڑنے کا اعلان کر دیا۔ برطرفی کی حمایت کرنے والے 8 ری پبلکن اراکین پر مک کارتھی نے تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر کے انتخاب میں دوبارہ حصہ نہیں لوں گا۔

موصولہ خبروں کے مطابق امریکا کے ایوانِ نمائندگان میں ری پبلکن پارٹی کے پیٹرک مک ہینری کو قائم مقام اسپیکر نامزد کر دیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مک ہینری نئے اسپیکر کے انتخاب تک خدمات سر انجام دیں گے۔ ری پبلکن اراکین کا کہنا ہے کہ ایوانِ نمائندگان کے نئے اسپیکر کے لیے ووٹنگ آئندہ ہفتے ہو گی۔

ٹیگس