ریاض منصور: صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے میں سلامتی کونسل کی ناکامی
اقوام متحدہ میں فلسطین کے سفیر ریاض منصور نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا ہے یہ کونسل صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ میں فلسطین کے سفیر ریاض منصور نے کہا کہ غاصب اسرائیل بے گناہ لوگوں کے قتل کا انکار نہیں کرتا اور کئی برس کے دوران وہ اس کام کو بارہا انجام دے چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل صیہونی حکومت کے ہاتھوں ہزاروں فلسطینیوں کے قتل عام کو نہیں روک سکی۔
ریاض منصور کا کہنا تھا کہ یہ جنگ ختم ہو سکتی ہے، اسے فوری طور پر بند ہونا چاہیے اور اس میں ہر طرح کی تاخیر خطرناک ہوگی اور مزید افراد کے جاں بحق ہونے کا باعث ہوگی۔
دریں اثناء اقوام متحدہ میں چین کے نمائندے ژانگ جون نے کہا ہے کہ برازیل کی طرف سے سلامتی کونسل میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی سے متعلق پیش کی جانے والی مشرق وسطی قرارداد کا امریکہ کی جانب سے ویٹو کئے جانے کا کوئي جواز نہیں ہے۔
ژانگ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عام شہریوں کے تحفظ اور انسانی المیئے کی روک تھام کےلئے غاصب اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی ضروری ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا دوسرا اجلاس بدھ کو فلسطینی استقامت کے مجاہدین اور صیہونی حکومت کے درمیان جھڑپوں کے بارہویں دن شروع ہوا جس کا مقصد برازیل کی سربراہی میں فلسطین کی مقبوضہ سرزمین کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔
برازیل نے غاصب اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی سے متعلق قرارداد پیش کی جو منظور نہ ہو سکی اور امریکا نے اسے ویٹو کر دیا۔