Oct ۲۵, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • حماس کے حملے بلاوجہ انجام نہیں پائے: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا اہم بیان

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیوگوترس نے کہا ہے کہ یہ سمجھنا اہم ہے کہ حماس کے حملے بلاوجہ انجام نہیں پائے-

سحرنیوز/ دنیا: غزہ کی صورتحال کے بارے میں جاری سلامتی کونسل کے وزرائے خارجہ کی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ مشرق وسطی کی صورتحال لمحہ بہ لحمہ بد سے بد تر ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی جنگ کے پھیلنے کا خطرہ پیدا ہوگيا ہے۔ساتھ ہی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے واضح کیا کہ یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ حماس کے حملے اچانک نہیں ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ فلسطینی عوام چھپن برس سے غاصبانہ قبضے کا شکار ہیں۔ ان کی زمینوں کو نئی کالونیاں قائم کرکے ہڑپ کیا جارہا ہے اور ان کی معیشت تباہ گئی ہے۔ ان کے لوگ بے گھر ہو گئے اور ان کے گھر تباہ ہو گئے اور ان کے مسائل کے سیاسی حل کی امیدیں دم توڑ چکی ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سات اکتوبر دوہزار تیئس کے حملے کسی طور اسرائیل کو غزہ میں عام شہریوں کے قتل عام کا جواز فراہم نہیں کرتے۔انہوں نے غزہ کے لیے انسانی امداد کی غیر محدود اور غیر مشروط فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلح تنازعات میں کسی کو بھی بین الاقوامی انسانی قوانین کی پابندی سے مستثنی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ انٹونیوگوترس نے حماس کی جانب سے چار قیدیوں کی رہائی کا بھی خیرمقدم کیا۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے اس بیان کے بعد صیہونی حکومت نے ان کے فوری استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس