Oct ۲۹, ۲۰۲۳ ۱۶:۳۵ Asia/Tehran
  • برطانیہ: فلسطینی عوام سے اظہاریکجہتی اور اسرائیل کے وحشیانہ جرائم کی مذمت میں احتجاجی مظاہرے

فلسطین کے حامیوں نے لندن سمیت برطانیہ کے کئی شہروں میں مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی مذمت میں احتجاجی مظاہرے کئے ہیں۔

سحر نیوز/ دنیا: ان احتجاجی مظاہروں کے شرکاء نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور اس علاقے میں انسان دوستانہ امداد کی فوری ترسیل اور فلسطین کی مکمل آزادی کا مطالبہ کیا-

لندن میں مختلف اقوام اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے اس ملک کی پارلیمنٹ کے قریبی شاہراہ پر جمع ہونے کے بعد ٹریفیلگر اسکوائر کی طرف مارچ کیا۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور ایسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے کہ جن پرغزہ میں صیہونی حکومت کے گھناؤنے جرائم کی مذمت کی گئی تھی ۔ انہوں نے اسرائیل مخالف اور فلسطین کی حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے مغربی حکومتوں بالخصوص برطانوی حکومت کی تل ابیب کے لئے مکمل حمایت کے خلاف شدید احتجاج کیا-

اسی کے ساتھ ہی مظاہرین کی ایک بڑی تعداد لندن کے کئی میٹرو اسٹیشنوں کے اندر جمع ہو گئی اور فلسطین کی آزادی کے نعرے لگائے۔

لندن میں گزشتہ تین ہفتوں کے دوران صیہونی حکومت کی مذمت میں یہ مسلسل تیسرا بڑا مظاہرہ تھا جواس ملک کے وزیر اعظم رشی سونک کے حکومتی اہلکاروں کی طرف سے عائد پابندیوں کے باوجود منعقد ہوا۔

ٹیگس