غزہ جنگ کے موقع پر فرانس کی نئی چال، بشار الاسد کی گرفتای کا وارنٹ جاری
فرانس نے شام کے صدر بشارالاسد کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: فرانس پریس نے دعویٰ کیا کہ پیرس نے 2013 کے نام نہاد کیمیائی حملوں کے بارے میں انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہونے کے الزام میں شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف بین الاقوامی گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔
فرانس پریس نے عدالتی ذرائع اور مدعیان کے حوالے سے بدھ کے روز اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ فرانس نے شام کے صدر بشار الاسد کے خلاف 2013 کے کیمیائی حملوں میں انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہونے کے الزام میں بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
عدالتی ذریعہ نے کہا کہ بشار الاسد پر شام کے دارالحکومت کے قریب اگست 2013 کے حملوں میں جنگی جرائم میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے جس کا الزام شامی اپوزیشن نے دمشق پر لگایا تھا۔
شام کے صدر کے بھائی ماہر الاسد کی گرفتاری کے لئے بھی بین الاقوامی وارنٹ جاری کیے گئے ہیں جو اس رپورٹ کے مطابق شام کے ایک ایلیٹ ملٹری یونٹ کے ڈی فیکٹو سربراہ ہیں۔
اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شام کی مسلح افواج کے دو جرنیلوں کی گرفتاری کا بھی وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق تحقیقات کا آغاز سیریئن سینٹر فار میڈیا اینڈ فریڈم آف ایکسپریشن، اوپن سوسائٹی جسٹس انیشیٹو اور سیریئن آرکائیوز کی جانب سے دائر کی گئی قانونی شکایت سے ہوا۔