Dec ۰۲, ۲۰۲۳ ۱۵:۰۳ Asia/Tehran
  • غزہ پٹی دنیا میں بچوں کے لئے سب سے زیادہ خطرناک جگہ: یونیسف

یونیسف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے غزہ پٹی میں زندگی کی صورتحال کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے زور دے کر کہا ہے کہ غزہ پٹی دنیا میں بچوں کے لئے سب سے زیادہ خطرناک جگہ شمار ہوتی ہے۔

سحرنیوز/ دنیا: یونیسف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے کہا کہ غزہ پٹی ایک بار پھر زندگی گزارنے کے سلسلے میں بچوں کے لئے دنیا میں خطرناک ترین مقام بن چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سخت سردیوں کا موسم آ رہا ہے اس لئے جو کوئی بھی ان بچوں کی مدد کرنے کے لئے ضروری وسائل و امکانات رکھتاہےاسے مدد کرنی چاہئے۔

اس سے قبل اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل مارٹن گریفتھس نے بھی کہا تھا کہ غزہ پٹی کے باشندوں کے لئے ایسا کوئی محفوظ مقام نہیں ہے جہاں وہ جا سکتے ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا تھاکہ غزہ کے سبھی باشندے، جن میں خواتین اور بچے سرفہرست ہیں، مسلسل دوسرے مہینے میں اسرائیل کے حملوں کے پیش نظرخوفزدہ ہیں ۔ وہ موت، تباہی اور بیماری کے سائے میں زندگی گزار رہےہیں۔

گریفتھس نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتے یہ بات ثابت ہوئی کہ جب ہتھیارخاموش ہوتے ہیں تو کیا ہوتا ہے اور خان یونس کی صورتحال ہتھیاروں کے خاموش نہ ہونے کی صورت میں دل لرزہ دینے والے واقعے کی یاد دلاتی ہے۔

دریں اثناء امریکی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ امریکہ نے غزہ پٹی میں حماس کے خلاف جنگ میں صیہونی فوجیوں کی جنگی صلاحیت بڑھانے کے لئے انہیں مزید ہزاروں بم دیئے ہیں۔ دریں اثناء سیکورٹی امور کے ماہرین نے کہا ہے کہ اسرائیل کو ایسے بم دیا جاناعام شہریوں کی حفاظت اور جانی نقصانات کم سے کم کئے جانے پر مبنی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن سمیت امریکی حکام کے دعوے سے تضاد رکھتا ہے۔

دوسری جانب روئٹرز نے اپنی رپورٹ میں حماس کے تین کمانڈروں کے ناموں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تل ابیب طویل مدت میں ان کمانڈروں کی ٹارگٹ کلنگ کرنا چاہتا ہے۔

اس سے قبل وال اسٹریٹ جرنل نے بھی چند حکام کے حوالے سے لکھا تھا کہ صیہونی حکومت کے جاسوس غزہ میں جاری جنگ کے بعد لبنان، ترکیہ اور قطر میں فلسطین کی اسلامی استقامت کے رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کرنا چاہتے ہیں۔

ٹیگس