غزہ کےعوام کے قتل عام میں امریکا برابر کا شریک ہے: امریکی سینیٹر برنی سینڈرز
امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے غزہ کے عوام کے قتل عام میں امریکا کو برابر کا شریک قرار دیا ہے-
سحرنیوز/ دنیا: امریکی سینیٹر برنی سنڈرز نے امریکی صدر جوبائيڈن کے نام ایک مراسلے میں غزہ پر بمباری اور عام شہریوں کے قتل عام پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ وہ جرائم ہيں جو امریکی بموں اور امریکیوں کے ٹیکسوں سے انجام دیئے جار ہے ہیں-
اس یہودی سینیٹر نے بائیڈن کے نام اپنے خط میں، اسرائیل کے لئے واشنگٹن کی جانب سے دس ارب ڈالر کی فوجی امداد کے منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ حملے نہ صرف ایک انسانی المیہ بلکہ ایک اجتماعی جرم ہیں، جو امریکہ کے توسط سے اسرائیل کو دیئے گئے بموں اور فوجی ساز و سامان نیز امریکیوں کے بھاری ٹیکسوں سے انجام پا رہے ہيں اور بدقسمتی سے ہم بھی اس قتل عام میں شریک ہیں۔انہوں نے بائیڈن حکومت سے اپیل کی وہ انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی کے لئے اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کرے-
یہ ایسی حالت میں ہےکہ امریکہ نے آٹھ دسمبر کو سلامتی کونسل میں، غزہ میں فوری جنگ بندی کے قیام سے متعلق مجوزہ قرارداد کو ویٹو کردیا ہے- خیال رہے کہ بارہ دسمبر کو جنرل اسمبلی نے بھی اپنے ایک سو ترپن رکن ملکوں کی واضح اکثریت سے ایک قراداد کی منظوری دی ہے کہ جس کی رو سے غزہ میں انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی اور اسی طرح تمام قیدیوں کی غیر مشروط رہائی پر تاکید کی گئی ہے لیکن امریکہ نے ایک بار پھر اس قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔