Dec ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۵:۵۵ Asia/Tehran
  • اسرائيل کی وحشیانہ بمباری سے چشم پوشی پرامریکہ کی اندرونی سلامتی کے ملازمین کی کڑی تنقید

امریکہ کی اندرونی سلامتی کی وزارت کے ایک سو تیس سے زائد ملازمین نے اپنے ایک مراسلے میں امریکی حکومت سے غزہ میں فوری طور پر جنگ بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: امریکہ کے ان ملازمین نے اندرونی سلامتی کے وزیر کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ ہم امریکی کانگریس، وزارت خارجہ، انتظامیہ اور امریکہ کی بین الاقوامی ترقی کے ادارے سے غزہ میں فوری طور پر جنگ بند کرانے کی تحریک میں شامل ہوجانے کے خواہاں ہیں۔

امریکہ کی اندرونی سلامتی کی وزارت کے ایک سو تیس سے زائد ملازمین نے اسرائيل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کئے جانے سے چشم پوشی کئے جانے پر کڑی تنقید کی اور لکھا کہ امریکہ کی اندرونی سلامتی کی وزارت بڑی خاموشی سے فلسطینیوں کی بھوک مری کا مشاہدہ کر رہی ہے۔

اس سے قبل نومبر کے مہینے میں بھی امریکہ کی مختلف ایجنسیوں اور وزارت کے ملازمین نے امریکی صدر جو بائیڈن کے نام اپنے مراسلے میں غزہ میں جنگ بندی کی حمایت کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔

اخبار واشنگٹن پوسٹ نے بھی رپورٹ دی ہے کہ غزہ میں صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی حمایت کئے جانے پر امریکی صدرجو بائیڈن کواندرون و بیرون ملک شدید تنقید کا سامنا ہے۔

امریکہ کے ایک اعلی عہدیدار نے بھی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو بتایا ہے کہ یہ اسرائیل کے لئے ہمارے پیغام کا ایک حصہ ہے، جب ہم پر اس حد تک دباؤ ہے تو اس کے لئے بھی ظاہر ہے کہ مطلوبہ صورت حال نہیں بن سکتی۔

ٹیگس