Jan ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۷:۴۸ Asia/Tehran
  • جاپان: زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 50 ہوگئی

جاپان میں نئے سال 2024 کا پہلا دن اپنے ساتھ زلزلہ لے کر آیا جس کے نتیجے میں اب تک 50 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہزاروں نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔

سحرنیوز/ دنیا: جاپان میں نئے عیسوی سال کے پہلے ہی دن زلزلہ آیا جس نے نئے سال کی خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق پہلی جنوری سنہ 2024 کو جاپان میں زلزلے کے 155 چھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے جو اب 50 تک پہنچ گئی ہے۔

جاپان میں زلزلے کی وجہ سے آج منگل کو تقریباً 33,000 گھر بجلی سے محروم رہے اور ملک بھر میں کئی اہم راستے بشمول اہم شاہراہیں غیر فعال ہیں جس کی وجہ سے طبی عملے اور فوجی اہلکاروں کو امدادی خدمات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سال 2024 کے پہلے دن جاپان میں شدید زلزلے کے بعد حکام نقصان کی شدت کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جاپان کے محکمہ موسمیات کے دفتر نے بتایا کہ پیر کو آنے والے زلزلے کی شدت رکٹر اسکیل پر 6 درجہ اور 7 اعشاریہ 6 ریکارڈ کی گئی۔

جاپانی حکام نے زلزلے کی شروعات کے فوراً بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی تھی، ملک میں 5 فٹ تک اونچی لہریں اٹھیں۔ 

ابتدائی زلزلہ 7 اعشاریہ 6 شدت کا تھا جو پیر کی سہ پہر کو آیا جس کی وجہ سے کچھ ساحلی علاقوں کے لوگ اونچے علاقوں کی طرف بھاگنے لگے کیونکہ سونامی کی لہریں ملک کے مغربی ساحل پر آئیں۔ لہروں کی وجہ سے کاریں اور کچھ مکانات سمندر میں بہہ گئے۔

 

ٹیگس