دنیا کے 100 سے زائد شہروں کے عوام مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں سڑکوں پر
دنیا کے پینتالیس ملکوں کے سو سے زائد شہروں کے عوام نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں مظاہرے کرکے غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں عام شہریوں کا قتل عام بند کرائے جانے کا مطالبہ کیا۔
سحر نیوز/ دنیا: المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے دنیا کے مختلف علاقوں میں لاکھوں کی تعداد میں عام شہریوں نے فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت میں ریلیاں نکالیں اورغزہ میں فلسطینی عام شہریوں کے قتل عام کی مذمت کی۔
مظاہرین نے اس حقیقت پر زور دیتے ہوئے کہ فلسطینی قوم کی تحریک استقامت روز بروز مضبوط و مستحکم تر ہوتی جا رہی ہے جسے کبھی تباہ نہیں کیا جا سکے گا، اس بات پر زور دیا کہ جب تک فلسطینی مردوں، عورتوں ، جوانوں ، بوڑھوں اور بچوں کا قتل عام جاری رہے گا، تحریک استقامت آگے بڑھتی رہے گی۔
اسی سلسلے میں جرمنی کے دارالحکومت برلن کے ہزاروں مظاہرین نے جنہوں نے طبی لباس زیب تن کر رکھے تھے، بچوں کے علامتی جنازوں کو اٹھا کر غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے فلسطینی عام شہریوں اور طبی مراکز کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی۔
پیرس، اسٹرس برگ اور مارسی شہروں کے عوام نے بھی اسرائیل کے خلاف مظاہرے کئے اور صیہونی جارحیت کی شدید مذمت کی ۔ مظاہرین نے غزہ میں فلسطین کے عام شہریوں اور خاص طور سے بچوں کے بہیمانہ قتل عام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بچوں کے خون آلود مجسموں کی نمائش کی۔ ان مظاہرین نے اپنے اپنے ملکوں کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ غزہ کی جنگ بند کرانے کے لئے میدان عمل میں نکلیں۔
سوئیڈن کے شہر اسٹاک ہوم، ڈنمارک کے شہر آرہوس اور ہالینڈ کے شہر آمسٹرڈم کے شہریوں نے بھی اسی طرح کے اسرائیل مخالف مظاہرے کئے، ریلیاں نکالیں اور غزہ میں نسل کشی کی جنگ فوری طور پر بند کرائے جانے کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین نے فلسطینیوں کی نسلی تطہیر اور انہیں زبردستی نقل مکانی پر مجبور کئے جانے کی مذمت بھی کی۔
ترکیہ کے عام شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی استنبول میں سلطان احمد جامع مسجد کے اطراف میں مظاہرہ کر کے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار اور غزہ میں محصور مظلوم فلسطینی عوام کے لئے انسان دوستانہ امداد ارسال کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اسی طرح کے مظاہرے لندن، سیؤل، سڈنی اور دنیا کے مختلف دیگر ملکوں میں بھی کئے گئے۔
عرب ملکوں کے دارالحکومتوں منجملہ مراکش کے دارالحکومت رباط میں اسرائیل مخالف مظاہرہ کیا گيا اور مظاہرین نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے فلسطین کے عام شہریوں پر جاری صیہونی مظالم کی مذمت کی۔