Mar ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
  • جرمنی نے بھی اسرائیل سے وضاحت طلب کر لی!

جرمنی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں الرشید اسٹریٹ کے بڑے پیمانے پر قتل عام کے بارے میں وضاحت دینی پڑے گی۔

سحر نیوز/ دنیا: جرمن وزیر خارجہ نے الرشید اسٹریٹ کے واقعے کے بارے میں اسرائیل سے مکمل تحقیقات اور وضاحت کا مطالبہ کیا جس کے دوران خوراک کی امداد کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے 100 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر دیا گیا تھا۔

فارس نیوز کے مطابق جرمن وزیر خارجہ اینالینا بیربوک نے جمعہ کے روز غزہ میں انسانی امداد کی تقسیم کے دوران 100 سے زائد افراد کی شہادت کے بارے میں اسرائیل سے وضاحت کا مطالبہ کیا ہے۔

غزہ کی الرشید اسٹریٹ پر النابلسی اسکوائر میں خوراک لانے والے ٹرک سے مدد لینے کے لیے جمع ہونے والے لوگوں پر اسرائیلی فوج کے ٹینکوں کی فائرنگ اور حملے سے کم از کم 109 شہید اور 760 زخمی ہو گئے ہیں۔ اس واقعے نے عالمی رائے عامہ کے غصے کو بھڑکا دیا ہے۔

بیربوک نے اپنے X سوشل نیٹ ورک پیج پر لکھا کہ اسرائیلی فوج کو پوری طرح سے تفتیش کرنی چاہیے کہ یہ شوٹنگ اور ہولناک واقعہ کیسے پیش آیا۔

جرمن وزیر خارجہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی برلن کی درخواست کا بھی اعادہ کیا ہے۔

گزشتہ رات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں امداد حاصل کرنے والوں کی قطار پر حملہ کرنے کے غاصب حکومت کے جرائم کی تحقیقات کے لیے ایک خفیہ اجلاس بھی منعقد کیا ہے۔

ٹیگس