Mar ۰۳, ۲۰۲۴ ۱۰:۵۳ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل میں اضافے کا مطالبہ

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں امداد کی ترسیل میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے-

سحرنیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے ایک بیان میں فلسطینی شہریوں کی حمایت کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائے جانے اور غزہ کی بنیادی تنصیبات کی حفاظت پر زور دیا ہے- سلامتی کونسل نے اپنے ایک بیان میں انسانی امداد کی تقسیم کے مقام پر فلسطینی شہریوں کے خلاف صیہونی فوج کے تازہ حملے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے غزہ میں امداد کی ترسیل میں مزید تیزی لائے جانے کا مطالبہ کیا ہے- سلامتی کونسل کےاراکین نے امداد کی تلاش میں لائنوں میں کھڑے فلسطینی شہریوں پر صیہونی حکومت کے تازہ حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس ہولناک جارحیت پر صرف تشویش کا اظہار اور غزہ کے لئے امداد کی ترسیل میں تیزی لائے جانے پر ہی اکتفا کیا ہے -

جارح صیہونی حکومت کی اس بربریت میں سو سے زیادہ فلسطینی شہید اور سات سو کےقریب زخمی ہوگئے تھے- سلامتی کونسل نے اپنے بیان میں اس مسئلے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہ ایک اندازے کے مطابق غزہ میں رہنے والے تمام بائیس لاکھ فلسطینیوں کو شدید غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، تمام متعلقہ فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی قوانین کی پاسداری کریں اور ان حالات میں عام شہریوں کی حمایت کے لئے ضروری حالات پیدا کریں نیز انہیں انسانی امداد فراہم کریں۔اس بیان میں سلامتی کونسل نے صیہونی حکومت سے صرف یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کے لیے گزرگاہیں کھلی رکھے اور اس میں اضافہ کرے-

ٹیگس