امریکی سپریم کورٹ کا فیصلہ، صدارتی الیکشن میں ٹرمپ حصہ لے سکتے ہیں
امریکی سپریم کورٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے انہیں الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا۔
سحرنیوز/ دنیا: امریکی سپریم کورٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں انتہائی اہم آئینی فیصلہ دے دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انفرادی ریاستیں ڈونلڈ ٹرمپ کو نومبر کا صدارتی الیکشن لڑنے سے نہیں روک سکتیں۔ اس طرح نومبر میں ہونے والے صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کے لیے ٹرمپ کی راہ میں حائل ایک بڑی رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔
سپریم کورٹ کے تمام ججوں نے متفقہ طور پر ریاست کولوراڈو کے اس فیصلے کو مسترد کر دیا جس میں ٹرمپ کو ری پبلیکن پارٹی کے ریاستی الیکشن سے ڈسکوالیفائی (نااہل) کر دیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے میں یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا کیپیٹل ہِل حملے میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کردار باغیانہ تھا یا نہیں۔ امریکی سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ ریاست الینوائے اور مین (Maine) جیسی ریاستوں پر بھی لاگو ہوگا۔
واضح رہے کہ 20 دسمبر 2023 کو ریاست کولوراڈو نے ٹرمپ پر پابندی عائد کردی تھی جس کے تحت وہ اپنی ریپبلکن پارٹی میں ہونے والے ریاستی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتے تھے۔ یہ انتخاب 5 مارچ 2024 کو ہونا ہے جس میں اب کولوراڈو کے ریپبلکنز فیصلہ کریں گے کہ ٹرمپ ان کی پارٹی کی جانب سے آئندہ صدارتی الیکشن میں امیدوار ہوں گے یا نہیں۔