Mar ۱۵, ۲۰۲۴ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  • روس میں صدارتی انتخابات کے لئے پولنگ

آج پورے روس میں صدارتی انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں جس کا سلسلہ صبح آٹھ بج کرتیس منٹ سے شروع ہوگیا۔

سحر نیوز/ دنیا: روسی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق مشرقی روس کے دورترین علاقے کامچاتکا میں ووٹنگ کے دوسو مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ الاسکا کے قریب واقع چوکوتکا میں رائے دہی کے لئے پچپن پولنگ بوتھ بنائے گئے ہيں جہاں تین دن تک حق رائے دہی کا استعمال کیا جا سکتا ہے ۔

روسی شہریوں کے لئے مجموعی طور پر ترانوے ہزار نو سو بیس پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہيں جن میں سے ترانوے ہزار چھے سو چوالیس پولنگ اسٹیشن ملک کے اندر اور دوسوچھیانوے مراکز بیرون ملک قائم کئےگئے ہيں، جبکہ سات پولنگ بوتھ بایکور خلائی اسٹیشن میں کام کریں گے۔

یہ انتخابات روس کی تاریخ کے پہلے ایسے انتخابات ہيں جن میں ووٹ کاسٹ کرنے کا سلسلہ تین دن تک جاری رہے گا۔

روسی پارلیمنٹ نے پہلے صدارتی انتخابات کے لئے سترہ مارچ کی تاریخ معین کی تھی لیکن بعد میں روس کے مرکزی الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ ووٹنگ کا سلسلہ پندرہ مارچ سے سترہ مارچ تک جاری رہے گا۔ روس کے صدارتی انتخابات میں اس ملک کے موجودہ صدرولادیمیرپوتین، کمیونسٹ پارٹی کے نیکولائے خاریتونوف ، نیوپیپلز پارٹی کی طرف سے ولادیسلاو ، اور لبرل ڈیموکریٹ پارٹی سے لئونید اسلوتسکی، میدان میں ہيں۔

ٹیگس