Mar ۲۳, ۲۰۲۴ ۰۹:۱۹ Asia/Tehran

روسی ذرا‏ئع نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو کے قریب واقع کروکس کے ایک کنسرٹ ہال میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی میں اب تک ساٹھ سے زیادہ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہيں۔

سحرنیوز/دنیا: روس کے وزیر صحت میخائیل موراشکو نے کہا ہے کہ کروکس کے کنسرٹ ہال میں دہشت گردانہ کارروائی کے بعد ایک سو پندرہ افراد کو اسپتال میں داخل کیا گيا ہے کہ جن میں سے پانچ بچے ہیں- جبکہ تیس سے زائد افراد کو معمولی علاج کے بعد واپس گھر بھیج دیا گیا۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ اب تک ساٹھ سے زيادہ افراد اس دہشت گردانہ حملے میں مارے گئےہيں کہا کہ اس حادثے کے ساٹھ سے زیادہ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ایک عینی شاہد نے بتایا کہ کروکس شہر کے ایک کنسرٹ ہال میں اس وقت آگ لگ گئی جب ملیشیا کی وردیوں میں ملبوس افراد نے خودکار اسلحے سے کنسرٹ ہال میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی اور دھماکے کئے جس سے عمارت کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دہشتگردوں کی جانب سے بم پھینکنے کے بعد لگنے والی آگ میں سینکڑوں افراد اندر پھنس گئے جبکہ آتشزدگی سے عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے سو سے زائد پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا ہے -روسی فیڈریشن میں انسانی حقوق کے کمشنر نے بھی جمعے کی رات کروکس کنسرٹ ہال میں جو کچھ ہوا اسے دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔​

ٹیگس