فلسطینی زمینوں پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت، یورپی یونین
یورپی یونین نے ایک بیان جاری کرکے مقبوضہ غرب اردن میں واقع درہ اردن میں فلسطین کی آٹھ سو ہیکٹر زمینوں پر صیہونی حکومت کی جانب سے قبضہ کرلئے جانے کی مذمت کی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: یورپی یونین کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین صیہونی وزیرخزانہ بزالل اسموتریچ کی جانب سے فلسطینیوں کی آٹھ سو ہیکٹر سے زیادہ زمینوں پر قبضہ کرلینے کے اعلان کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے ترجمان پیٹراسٹانو نے اس سلسلے میں ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ انیس سو ترانوے میں اسرائیلی غاصبوں اور پی ایل او کے درمیان ہونے والے اوسلو معاہدے کے بعد سب سے بڑا غاصبانہ قبضہ شمارہوتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صیہونی کالونیوں کی توسیع بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے کہا کہ یورپی سربراہوں نے یورپی کونسل کے اجلاس میں جو اسی ہفتے منعقد ہوا تھا، پورے مقبوضہ غرب اردن میں غیرقانونی صیہونی کالونیوں کی توسیع جاری رکھنے کی مذمت کی اور اس فیصلے سے پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کیا تھا۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے ترجمان نے کہا کہ یورپی یونین اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازعے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی حمایت کرتی ہے اور انیس سو سڑسٹھ کی سرحدوں میں کہ جس پر فریقین راضی نہيں ہيں، کسی بھی طرح کی تبدیلی کو تسلیم نہیں کرتی۔