دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیلی حملے کی مذمت
ناوابستہ تحریک نے دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کونسلر سیکشن پر صیہونی حکومت کے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ناوابستہ تحریک کے ایک سو اکیس رکن ممالک کے نمائندوں نے نیویارک میں ایک بیان جاری کرکے دمشق میں ایران کے کونسلر سیکشن پر اسرائیل کے حملے کی سخت مذمت کی اور اسلامی جمہوریہ کے عوام، حکومت اور شہداء کے خاندان سے ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔
ناوابستہ تحریک کے بیان میں آیا ہے کہ سفارتی مقامات کے خلاف اس طرح کا حملہ ہرصورت میں ناقابل جواز اور بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے منشور اور سفارتی اصولوں کے منافی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک نے بھی دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کونسلر سیکشن پر اسرائیل کے حملے کے سلسلے میں ایک ہنگامی اجلاس کر کے اس حملے کی مذمت کی اور اس حکومت کے جارحانہ اقدامات اور علاقے میں مزید کشیدگی کی بابت خبردار کیا۔
امریکہ، برطانیہ اور فرانس نیز اس کے اتحادیوں یعنی جنوبی کوریا اور جاپان نے نہ صرف اسرائیلی حملے کی مذمت نہيں کی بلکہ اس حملے کی مذمت میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بھی پاس نہیں ہونے دی۔