Apr ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف ایک بار پھر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان، یورپی یونین

یورپی یونین اور امریکہ نے اسرائیل کے خلاف ایران کے میزائلی جواب پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ایک بار پھر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: یورپی یونین نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں ایران کے میزائلی حملے پر اپنے ردعمل میں ایرانی ڈرون اور میزائل تیار کرنے والی کمپنیوں پر پابندی عائد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یورپی کونسل کے سربراہ شارل میشل نے کہا کہ ایران کو تنہا کرنے کے لئے کوئی بھی اقدام اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نے اس وقت ایران کے خلاف متعدد پابندیاں عائد کردی ہیں۔ امریکی ایوان نمائندگان نے بھی اعلان کیا ہے کہ جلد ہی ایران کے خلاف نئی پابندیاں وضع کی جائيں گی۔
اسرائیلی حکام نے گذشتہ دنوں اپنے اتحادیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایران کے میزائلی پروگرام کے خلاف نئی پابندیاں عائد کریں۔ اس سے قبل امریکی وزیر خزانہ جینیٹ ایلن نے مزید پابندیوں کے بارے میں کہا تھا کہ ایران کے خلاف مزید پابندیوں کے لئے تمام آپشن میز پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے تیل کی برآمدات محدود کرنا بھی ایک ممکنہ آپشن ہے۔ امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جیک سالیون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نئی پابندیوں میں ایران کے ڈرون اور میزائلی پروگرام اور سپاہ پاسداران اور وزارت دفاع کو بھی شامل کیا جائے گا۔

ٹیگس