اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے شہید صدر رئیسی اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوترش نے اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر میں ایران کے شہید صدر اور وزیر خارجہ اور ہیلی کاپٹر حادثے کے دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سحرنیوز/ دنیا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جمعے کو نیویارک میں اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر میں حاضر ہوکر شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان اور دیگر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا- گوترش نے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایران کے نمائندہ دفتر میں تعزیتی رجسٹر پر اپنے تاثرات تحریر کئے اور دستخط کئے-
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے اس کے بعد اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر اور مستقل مندوب امیر سعید ایروانی کے ساتھ مختصر ملاقات کی۔ ایرانی مندوب کے ساتھ اپنی مختصر ملاقات میں گوترش نے اس دلخراش سانحے پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے، شہداء کے اہل خانہ اور ایران کی حکومت اور عظیم قوم کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا اور ایرانی مندوب نے بھی ان کے اظہار ہمدردی اور تعزیتی پیغام کی قدردانی کی-