Jun ۲۰, ۲۰۲۴ ۱۸:۳۳ Asia/Tehran
  • نیتن یاہو جنگی مجرم ہے اسے امریکی کانگریس سے خطاب کی دعوت نہیں دی جانی چاہیے: امریکی کانگریس کے ارکان

امریکی کانگریس کے ایک ڈیموکریٹ رکن نے صیہونی وزیر اعظم کو کانگریس سے خطاب کی دعوت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیتن یاہو ایک جنگی مجرم ہے اسے امریکی کانگریس سے خطاب کی دعوت نہیں دی جانی چاہیے تھی۔

سحرنیوز/ ایران: امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹ رکن الیگزنڈر اوکازیو نے اپنے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ نیتن یاہو نے جنگی جرم کا ارتکاب کرنے کے علاوہ امریکہ کے اس قانون کی بھی پابندی نہیں کی ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی ہتھیار انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا باعث نہیں بننے چاہئیں ۔

انھوں نے کہا کہ اسرائيل کے وزیر اعظم کے امریکی کانگریس سے خطاب کی دعوت کو منسوخ کئے جانے کی ضرورت ہے ۔

امریکی کانگریس کی سابق اسپیکر نینسی پیلوسی نے بھی اس دعوت کو ایک غلطی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس دعوت نامے کے بالکل خلاف ہیں ۔ امریکہ کی ایک ڈیموکریٹ سینیٹر الیزابیتھ وارن نے بھی کہا ہے کہ نیتن یاہو کے ہاتھوں انسانی المیہ رونما ہونے کی بنا پر وہ چوبیس جولائی کے اس اجلاس میں شرکت نہیں کریں گی کہ جس سے نیتن یاہو خطاب کرنے والے ہیں۔

ٹیگس