امریکہ اپنی حرکتوں سے باز آنے والا نہیں
امریکہ نے دیگر ممالک کے امور میں مداخلت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کے چودھویں صدارتی انتخابات کے انعقاد پر ردعمل ظاہر کیا ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف واشنگٹن کے دعوے کو دہرایا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے ایک پریس کانفرنس میں ایران کے صدارتی انتخابات کے بارے میں ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے دعوی کیا کہ ہمارا موقف یہ ہے کہ ایران کے انتخابات آزاد اور منصفانہ نہيں ہیں اور ہمیں کوئی توقع نہيں ہے کہ ان انتخابات کے نتیجے میں انسانی حقوق اور ایرانی عوام کے حقوق کے سلسلے میں ایران کی روش میں کوئی بنیادی تبدیلی آئے گی۔
ویدانت پٹیل نے صحافی کے اس سوال کے جواب میں کہ بائيڈن حکومت نے کینیڈا کی مخالفت کے باوجود ایران کو امریکہ کے اندر انتخابات کرانے کی اجازت کیوں دی کہا کہ ہم ایران کے عوام کے حقوق اور انتخابات میں حصہ لینے والوں اور انتخابات کی مخالفت کرنے والوں دونوں ہی کا احترام کرتے ہیں۔
امریکی وزارت خارجہ کے اس عہدیدار نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ایرانیوں نے اس سے پہلے بھی امریکہ میں یہ اقدام انجام دیا ہے اور امریکہ کے اندر انتخابات کا انعقاد کوئی نئی بات نہيں ہے۔
یاد رہے کہ ایران کے صدارتی الیکشن میں کسی بھی امیدوار کے حد نصاب تک نہ پہنچنے کی وجہ سے انتخابات دوسرے مرحلے میں پہنچ گیا اور جمعے 5 جولائی کو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ ہوگی ۔ دوسرے مرحلے میں سعید جلیلی اور مسعود پزشکیان آمنے سامنے ہیں۔