تل ابیب پر وسیع سائبر حملہ
غاصب صیہونی حکومت کے مرکزی اڈے تل ابیب سے ایک وسیع سائبر حملے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں جس کے سبب بہت سی پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا۔
سحر نیوز/ دنیا: صیہونی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ تل ابیب کا بن گورین ہوائی اڈہ وسیع پیمانے پر سائبر حملے کا شکار ہوا ہے اور اس کی آفیشل ویب سائٹ دسترس سے خارج ہو گئی ہے۔ اس حملے کے باعث صیہونی حکومت، کئی پروازوں کو منسوخ کرنے پر مجبور ہوئی ہے۔
بعض ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سائبر حملہ کرنے والوں کا تعلق ایران اور عراق سے تھا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ مغربی ایشیا میں بڑھتی کشیدگی اور غاصب صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمتی محاذ کے جوابی حملوں کے خدشات کے پیش نظر ڈیلٹا اور یونائٹڈ سمیت بعض امریکی ایئرلائنز نے بھی تل ابیب کی جانب اپنی تمام پروازیں کم از کم چھے اگست تک کے لئے منسوخ کر دی ہیں ۔ لفتھانسا گروپ نے بھی نو اگست تک تل ابیب کی جانب اپنی پروازوں کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ ایر انڈیا کے سلسلے میں بھی اطلاعات ہیں کہ اس نے بھی آٹھ اگست تک مقبوضہ فلسطین کی جانب اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔