غزہ میں اسرائیل کا کوئی بھی مقصد پورا نہیں ہوا، سابق صیہونی چیف آف آرمی اسٹاف
صیہونی فوج کے سابق چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا ہے کہ غزہ کے خلاف جنگ کو تقریبا گیارہ مہینے گزرنے کے باوجود اب تک اسرائیل معینہ اہداف میں سے کوئی بھی ہدف پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہوا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: صیہونی فوج کے سابق چیف آف آرمی اسٹاف گادی آئزنکوت نے منگل کے روز اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سات اکتوبر کی شکست کے بعد سب سے اچھا کام، جنگ کا خاتمہ اور قیدیوں کی واپسی ہے۔
آئزنکوت نے غزہ سے چھے صیہونی قیدیوں کی لاشیں لانے کے صیہونی فوج کے دعوے کے بارے میں کہا ہے کہ ہمیں قیدیوں کی واپسی کے لئے بہت تیزی سے کام کرنا ہوگا ورنہ پھر واپس لانے کے لئے کوئی قیدی نہیں بچے گا۔
صیہونی حکومت کی تحلیل ہونے والی جنگی کابینہ کے مستعفی رکن آئزنکوت نے واضح کیا کہ تمام فوجی اور سیکوریٹی اداروں کے سربراہ اور کابینہ کے اکثر اراکین معاہدے کے خواہاں ہیں اور صرف وزیر اعظم نیتن یاہو اس کی مخالفت کررہے ہیں۔