جوزف بورل کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کو مبارکباد
ایران یورپی یونین کے ساتھ باہمی احترام کی فضا میں تعلقات کے فروغ کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس کا دار و مدار یورپی ممالک کی غلط پالیسیوں کے خاتمے پر ہے۔ یہ بات ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہی ہے۔
سحرنیوز/دنیا: یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بورل نے ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی کو ٹیلیفون کر کے عہدہ وزارت ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ یورپی یونین نے موجودہ علاقائی اور عالمی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت میں ایران اور یورپی یونین کے درمیان سیاسی مذاکرات اور مشاورت جاری رہے گی اور اس میں وسعت آئے گی۔ اس گفتگو میں ایران کے وزیر خارجہ نے بھی جوزف بورل کا شکریہ ادا کیا اور تہران اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یورپ کے ساتھ باہمی احترام کے ماحول میں تعلقات کے فروغ کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس کا لازمہ یہ ہے کہ آپسی مسائل کو گفتگو سے حل کیا جائے اور یورپی ممالک اپنی غلط پالیسیوں کو درست کریں۔
فریقین نے اسی طرح باہمی دلچسپی کے دیگر موضوعات پر بھی گفتگو کی جن میں پابندیوں کا خاتمہ اور غزہ میں صیہونی حکومت کے جرائم جیسے موضوعات شامل ہیں۔