Sep ۰۵, ۲۰۲۴ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  • نیتن یاہو نے قیدیوں سے متعلق ممکنہ معاہدے کو برباد کیا، عبرانی میڈیا کی رپورٹ

صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی کے نتیجے میں امریکا، مصر اور قطر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کی رہائی کے ممکنہ معاہدے کی بربادی سے متعلق دعویٰ سامنے آگیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: عبرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ غزہ میں اسرائیلی قیدیوں کی رہائی سے متعلق ممکنہ معاہدہ  نیتن یاہو کی وجہ سے برباد ہوگیا۔ اسرائیلی اخبارYedioth Ahronoth کی رپورٹ کے مطابق 11 جولائی کو ہونے والے مذاکرات کے دوران فریقین کے درمیان قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی سے متعلق معاہدہ پر اتفاق ہو چکا تھا کہ آخری لمحات میں نیتن یاہو کی جانب سے نئی شرائط لگا کر ممکنہ معاہدے کو برباد کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق معاہدے میں اسرائیلی شرائط سے متعلق خبریں پہلے ہی سامنے آگئیں تھیں تاہم اب اسرائیلی اخبار کی جانب سے ان شرائط سے متعلق مکمل دستاویز سامنے لائی گئی ہے۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق مذاکرات کے آخری لمحے میں نیتن یاہو کی جانب سے غزہ اور مصر کے بارڈر پر اسرائیلی کنٹرول برقرار رکھنے کی شرط لگائی گئی تھی، جس بات پر اس کے بعد سے وہ لگاتار زور دے رہے ہیں۔اسرائیلی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممکنہ معاہدے میں جن 6 صیہونی قیدیوں کی رہائی کا امکان پیدا ہو گیا تھا بعد میں ان میں سے تین اسرائیلی فورسز کو مردہ حالت میں ملے تھے۔
صیہونی وزیراعظم ہاؤس نے اسرائیلی صحافی کی جانب سے جاری کی گئی دستاویز کی تصدیق کی ہے تاہم شرائط سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ صیہونی حکومت کی جانب سے شرائط 27 مئی کے مجوزہ پروپوزل میں شامل تھیں۔

ٹیگس