Sep ۰۶, ۲۰۲۴ ۰۹:۲۸ Asia/Tehran
  • جرمنی کی جانب سے غرب اردن میں صیہونی جارحیت کی مذمت

جرمنی نے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیل کے فوجی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سحرنیوز/دنیا: جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیربوک نے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیل کے فوجی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے اندر موجود عناصر سے کہا کہ وہ مذہبی کشیدگی کو ہوا دینے سے باز رہیں۔ اردن کے دورے کے دوران، انہوں نے کہا کہ ہم یروشلم میں مقدس مقامات کی موجودہ حیثیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کے سخت مخالف ہیں۔
جرمن وزیر خارجہ انالینا بیربوک نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت کے انتہائی دائیں بازو کے وزیر ایتمار بن گوئیر کی جانب سے مشرقی یروشلم میں مسجد الاقصیٰ کے دورے جیسے اقدامات، غیر ذمہ دارانہ ہیں اور اس وقت مکمل طور پر کشیدہ صورتحال کو ہوا دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ اسرائیل ان اشتعال انگیز کارروائیوں سے پرہیز کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے پر ہونے والے مہلک حملے نے جرمن حکومت کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
جرمن وزیر خارجہ انالینا بیربوک نے مزید کہا کہ اسرائیل مغربی کنارے پر قابض قوت ہے اور جنیوا کنونشن کے مطابق، وہ حالات کو خطرے میں ڈالنے کے بجائے امن و امان برقرار رکھنے کا پابند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات میں لوگوں کو پرتشدد اور انتہا پسند آباد کاروں کے حملوں سے بچانا بھی شامل ہے۔

ٹیگس