Sep ۱۴, ۲۰۲۴ ۱۱:۱۲ Asia/Tehran
  • ہندوستانی نژاد امریکی خلاباز سنیتا ولیمز کی خلائی اسٹیشن سےاہم پریس کانفرنس

ہندوستانی نژاد امریکی خلاباز سنیتا ولیمز نے اپنے حالیہ مشن اور بوئنگ کی واپسی میں تاخیر کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: غیر ملکی میڈیا کے مطابق آٹھ دن کے مشن پر خلا میں گئے دو خلا باز سنیتا ولیمز اور بُچ ولمور تقریبا تین ماہ سے زائد عرصے سے خلا میں پھنسے ہوئے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے زمین سے چار سو بیس کلومیٹر کی بلندی پر واقع خلائی اسٹیشن سے ایک اہم پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے اپنی صورتحال کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا۔ سنیتا ولیمز نے پریس کانفرنس کے دوران اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، اس مقام پر مجھے خوشی ملتی ہے۔ مجھے یہاں خلا میں رہنا بہت پسند ہے، اور یہ میری پسندیدہ جگہوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے اپنے حالیہ مشن کے دوران دو مختلف خلائی گاڑیوں میں پرواز کرنے کے اپنے تجربات پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا ہم ٹیسٹر ہیں، یہی ہمارا کام ہے اور ہم نے اس کا بھرپور لطف اٹھایا ہے۔ ولیمز نے خلا میں اپنے قیام کی خوشی کا ذکر کرتے ہوئے کہا یہ پیشہ ایسا ہی ہوتا ہے، اور ہمیں اس میں پیش آنے والی مشکلات کو قبول کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خلا میں رہتے ہوئے ان کے لئے سب سے مشکل چیز یہ رہی کہ وہ اپنی ماں کے ساتھ قیمتی وقت گزارنے کا موقع کھو بیٹھیں۔ دوسرے خلاباز بچ ولمور نے بھی پریس کانفرنس کے دوران اپنے تجربات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹار لائنر کے پہلے ٹیسٹ پائلٹ کے طور پر ان کی توقعات کے برعکس، انہیں خلا میں زیادہ وقت گزارنا پڑ رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ تکنیکی مسائل کے باعث ناسا کے اس آٹھ روزہ مشن کو مکمل ہونے میں اب آٹھ ماہ تک کا عرصہ تک سکتا ہے۔

ٹیگس