Oct ۰۲, ۲۰۲۴ ۱۷:۵۷ Asia/Tehran
  • ایرانی میزائلوں کے اہداف پر لگنے کی ویڈیو یا تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں: صیہونی فوج

ایران کے میزائلی حملے کو مختلف ملکی اور غیر ملکی ذرائع ابلاغ نیز سوشل میڈیا نے فورا اور وسیع پیمانے پر کوریج دی ہے۔

سحر نیوز/ دنیا: ایرانی بیلیسٹک میزائلوں کے لانچ کئے جانے کے لمحے سے لے کر مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر ان کے لگنے کی ویڈیوز کو فوری طور پر ذرائع ابلاغ میں کوریج دی گئی اور دنیا بھر کے لوگ اس وسیع اور شدید حملے سے آگاہ ہوئے۔ پاکستان کے جیو ٹی وی چینل نے حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد مغربی ایشیا میں کشیدگی میں شدت آنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صیہونی اور امریکی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا کہ ایران نے مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر میزائلوں کی بارش کر دی ہے۔

نیوز چینل بانوے نے بھی اپنی رپورٹ میں فلسطینی عوام خصوصا اسماعیل ہنیہ اور سید حسن نصراللہ کی شہادت پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے میزائلی حملے کے بعد مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں پیچیدہ صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں سماء نیوز نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے اسماعیل ہنیہ اور سید حسن نصراللہ سمیت اپنے شہدا کے خون کا انتقام لینے کے لئے داغے جانے والے میزائلوں کے بعد امریکہ اور اسرائيل بری طرح بوکھلائے ہوئے ہیں۔

پاکستان کے ای بی این نیوز چینل نے بھی اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران نے مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں واقع مختلف اہداف کو اپنے سیکڑوں میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ایران کے اس وسیع حملے کا اصل ہدف صیہونی حکومت کی فوجی تنصیبات اور موساد کے جاسوسی کے مراکز ہیں۔

اس میزائلی حملے کے بعد صیہونی حکومت کے مقامی ذرائع ابلاغ نے بھی خبر دی ہے کہ غاصب صیہونیوں کے ٹھکانوں پر ایران کے سیکڑوں میزائل گرنے کے بعد مقبوضہ فلسطینی سرزمینوں میں پے در پے دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اس دوران تل ابیب میں واقع بن گوریون ایئرپورٹ مکمل طور پر غیر فعال ہو گيا ہے۔

ادھر صیہونی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے صیہونیوں سے کہا ہے کہ وہ میزائلوں کے اہداف پر لگنے کی کسی طرح کی کوئی ویڈیو یا تصویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں۔ یہ بجائے خود اس بات کا ثبوت ہے کہ میزائل پہلے سے مقرر کردہ اہداف پر لگے ہیں۔

غاصب صیہونیوں کے ٹھکانوں پر ایرانی میزائل داغے جانے کے بعد نابلس اور رام اللہ سمیت مغربی کنارے کے فلسطینیوں نے جشن منایا۔

دریں اثناء صیہونی حکومت کے چینل تیرہ نے منگل کی رات فاش کیا کہ نیتن یاہو اور متعدد اسرائیلی وزیر کئی گھنٹوں سے قدس شہر میں واقع تہہ خانے میں چھپ گئے تھے۔ صیہونی وزیر جنگ یواو گالانٹ بھی ایران کے میزائلی حملے کے خوف سے تل ابیب میں واقع وزارت جنگ کی عمارت کے ایک تہہ خانے میں چھپ گيا تھا۔

تحریک حماس نے فلسطین اور لبنان پر صیہونی دشمن کے مظالم کے خلاف ایران کے وسیع میزائلی حملے کی مبارکباد پیش کی ہے۔

عراقی استقامت کی کوارڈی نیٹر کونسل نے بھی صیہونی حکومت کے ٹھکانوں پر ایران کے میزائلی حملے کے بعد امریکہ کو ایران پر کسی بھی طرح کے حملے کے بارے میں خبردار کیا ہے۔

روسی ذرائع ابلاغ نے بھی اپنی رپورٹوں میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے میزائلی حملے نے صیہونی حکومت کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔

ٹیگس