Nov ۱۳, ۲۰۲۴ ۱۰:۲۴ Asia/Tehran
  • ہالینڈ میں فلسطین کے حامیوں کی سرکوبی جاری

ہالینڈ میں فلسطین کی حمایت اور غاصب صیہونی حکومت کی مخالفت کرنے والوں کی سرکوبی کا سلسلہ جاری ہے۔

سحرنیوز/دنیا: غیرملکی ذرائع کے مطابق ایمسٹرڈیم میں فلسطین کے حامی مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں پولیس فورس اور مظاہرین کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں ہیں۔ یہ تنازعہ اس وقت پیش آیا جب پیر کی شب ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں فلسطین کے حامیوں اور صیہونیت کے مخالفین نے غاصب اسرائیل کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین پر ڈچ سیکورٹی فورسز کے حملے کے بعد یہ مظاہرہ دونوں فریقوں کے درمیان تشدد اور تصادم کی شکل اختیار کر گیا۔ اطلاعات ہیں کہ پر تشدد جھڑپوں کے دوران ایک الیکٹرک ٹرین بھی آگ کی نذر ہو گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ جمعرات کی شب صیہونیوں کی مکابی اور ایمسٹرڈم کی ایجیکس ٹیم کے درمیان فٹبال میچ میں سنگین شکست کھانے کے بعد صہیونی تماشائیوں نے فلسطینی پرچم پھاڑ دیا اور فلسطین کے خلاف اشتعال انگیز نعرے لگائے جس پر ایمسٹرڈم میں موجود فلسطین کے حامیوں اور بالخصوص مسلم نوجوانوں کا شدید ردعمل سامنے آیا۔
صیہونی شہریوں کی اشتعال انگیزی سے پھوٹنے والے غصے کے بعد شہر میں فلسطین کے حامیوں اور صیہونی شہریوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں جس کے دوران دسیوں صیہونی زخمی اور کم از کم چار لاپتہ ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد مغربی و یورپی ذرائع ابلاغ نے میچ کے بعد سامنے آنے والے عمل اور ردعمل کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے اور انتہاپسند صیہونیوں کے خلاف بھڑکنے والے غصے کو یہودیت مخالف کارروائیوں کا نام دینے کی بھرپور کوشش کی جس سے مغربی اور یورپی حکام میں غاصب صیہونی حکومت کی بلا جواز حمایت کے شدید رجحان اور نسل پرستی اور انسانی حقوق کے سلسلے میں ان کے دوغلے پن کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے۔

ٹیگس