محبت و الفت، ایثار و درگزر اور اتحاد و بھائی چارہ: حضرت عیسیٰ (ع) کا پیغام
آج دنیا بھر میں نبی خدا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یوم ولادت بڑی شان و شوکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
سحر نیوز/ دنیا: ۲۵ دسمبر نبی خدا حضرت عیسی (ع) کی ولادت با سعادت کی تاریخ ہے۔ اس مناسبت سے آج دنیا بھر میں آپ (ع) کے پیروکار اور عقیدت مند بڑے جوش و جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ جشن منانے میں مصروف ہیں۔
قرآن کریم میں نبی خدا حضرت عیسی (ع) کو روح اللہ کے نام سے پکارا گیا ہے۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام اللہ کے اولوالعزم پیغمبروں میں سے ہیں اور قرآن کریم میں بارہا آپ کی ذات والا صفات کا ذکر ہوا ہے۔ متعدد قرآنی آیات میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے تعارف کے ساتھ ساتھ آپکے مقام و مرتبے کی جانب اشارہ کیا گیا ہے۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا شمار اللہ کی ان مخلوقات میں ہے جن کی ولادت بغیر باپ کے باعجاز الٰہی ہوئی اور آپ حضرت مریم (س) کے فرزند ہیں ۔ حضرت عیسی (ع) نے اپنے سے قبل نازل ہونے والی کتاب توریت کی تصدیق فرمائی اور ساتھ ہی پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی آمد کی بشارت بھی دی اور فرمایا کہ میرے بعد دنیا میں احمد نامی ایک رسول آئے گا۔
اسی مناسبت سے دنیا بھر میں آج کرسمس کے نام سے موسوم آپ کی ولادت کا جشن منایا جاتا ہے جس میں سبھی اقوام بالخصوص عیسائی مذہب سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔
عیسوی سال بھی حضرت عیسیٰ کی ولادت کی دین ہے جس کا آغاز پہلی جنوری سے ہوتا ہے۔
کرسمس کے موقع پر حضرت عیسیٰ (ع) کی تعلیم کردہ محبت و الفت، ایثار و درگزر اور اتحاد و بھائی چارے جیسی اقدار کو زندہ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
سحر عالمی نیٹ ورک اس موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔