Jan ۲۹, ۲۰۲۵ ۲۰:۲۵ Asia/Tehran
  • دہشتگرد صیہونی وزیر اعظم کی ایک اور شکست، امریکی سینیٹ میں آئی سی سی پر پابندی کا بل نہیں ہو سکا پاس

امریکی سینیٹ میں بین الاقوامی فوجداری عدالت پر پابندی کا بل پاس نہیں ہو سکا۔

سحر نیوز/ دنیا: مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی سینیٹ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے خلاف پابندی عائد کرنے کے بل کی منظوری نہیں دی ہے- اس بل کی منظوری کا مقصد، بین الاقوامی فوجداری عدالت کی جانب سے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نتنیاہو اور اس کے سابق وزیر جنگ یوآف گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جانے پر عدالت کو سزا دینا اور اس کے خلاف پابندیاں عائد کرنا تھا-

منگل اٹھائيس جنوری کو، اس بل کو پہلے امریکی ایوان نمائندگان میں منظوری مل چکی تھی جسے سینیٹ میں بھی ووٹنگ کے لیے پیش کیا گیا، تاہم اس بل کے حق میں چون اور مخالفت میں پینتالیس ووٹ ڈالے گئے، جب کہ امریکی سینیٹ میں کہ جو ایک سو ارکان پر مشتمل ہے، بل کی منظوری کے حق میں ساٹھ ووٹ درکار تھے۔واضح رہے کہ اکیس نومبر دوہزار چوبیس کو، بین الاقوامی فوجداری عدالت نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیر جنگ یواف گیلنٹ کے خلاف جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم، اور غزہ کے لوگوں کو بھوکا مارنے کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے الزام میں گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔

امریکہ میں طاقتور اسرائیلی لابی نے کہ جس کا وائٹ ہاؤس اور کانگریس میں بڑا اثر و رسوخ ہے، بین الاقوامی فوجداری عدالت کے خلاف پابندی کا بل منظور کرانے کی انتھک کوشش کی، لیکن ناکام رہی۔

 

ٹیگس