غزہ کے معاملے میں ٹرمپ کے منصوبے کی ناکامی؛ امریکی وزیرخارجہ
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اعتراف کیا کہ صدر ٹرمپ کا غزہ کے عوام کی جبری نقل مکانی کا منصوبہ خطے میں امریکا کے اتحادی ممالک کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے
سحرنیوز/دنیا: امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے عوام کو بے دخل کرنے کا منصوبہ خطے اور عالمی سطح پر شدید تنقید کی زد میں ہے۔ امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ کا ماننا ہے کہ غزہ کے باشندوں کو وہاں سے نکالنا چاہیے تاکہ اس علاقے کو دوبارہ تعمیر کیا جاسکے لیکن ہمارے علاقائی اتحادی اس منصوبے کی بھرپور مخالفت کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر علاقے کے ممالک اس منصوبے کو قبول نہیں کرتے تو انہیں بہتر متبادل پیش کرنا ہوگا انھوں نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایسا کوئی منصوبہ سامنے آئے جو غزہ کی تعمیر نو کے امکانات پیدا کرے۔
حماس کی بڑھتی ہوئی طاقت کا حوالہ دیتے ہوئے روبیو نے کہا کہ اگرچہ حماس کمزور ہوئی ہے لیکن وہ اب بھی حملوں کی منصوبہ بندی کرنے اور خطرہ پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید دعوی کیا کہ ہمیں حماس کو دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دینی چاہیے اور حماس جب تک غزہ میں موجود ہے، امن قائم نہیں ہو سکتا کیونکہ وہ دوبارہ اسرائیل پرحملہ کرے گی اور تل ابیب کو جواب دینا پڑے گا۔