افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا پر ٹرمپ کا اعتراض
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے افغانستان سے امریکی فوجیوں کے اچانک انخلاء پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے انخلاء ہولناک تھا۔
سحرنیوز/دنیا: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جو بائڈن کے دور صدرات میں افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کے طریقہ کار پر ایک بار پھر تنقید کی اور اُسے ہولناک بتایا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں صحافیوں سے ایک گفتگو میں مزيد کہا کہ افغانستان سے انخلاء ہولناک تھا اور چین نے افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلاء کے بعد بگرام ایئر بیس پر قبضہ کر لیا۔ امریکی صدر نے زور دیا کہ افغانستان کو چاہیے کہ وہ امریکی فوجی ساز و و سامان کو واپس کرے۔
درایں اثنا امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسِٹ نے بھی بدھ کے روز کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی فوجیوں کی پر آشوب واپسی کے بارے میں تحقیقات کی جائيں گي اور افغانستان سے انخلاء کے ذمہ داروں کو جواب دینا ہوگا۔ ٹرمپ نے اس سے قبل بھی طالبان سے افغانستان میں امریکہ کے بچے فوجی ساز و سامان کو واپس کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔