اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ خلاء میں ہوا تباہ
Mar ۰۷, ۲۰۲۵ ۱۶:۵۵ Asia/Tehran
اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ ٹیکساس سے روانہ ہونے کے چند منٹ بعد ہی خلاء میں تباہ ہو گیا۔
سحرنیوز/دنیا: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق اسپیس ایکس کا اسٹار شپ راکٹ کے جلتے ملبے کے مناظر فلوریڈا اور بہاماس کے اوپر آسمان میں دیکھے گئے۔ راکٹ کے جلتے ملبے کے مناظر کی ویڈیو بھی منظرِ عام پر آ گئی۔ اسٹار شپ کی یہ آٹھویں ٹیسٹ پرواز تھی، جس کا مقصد زمین کے گرد چکر لگا کر بحرِ ہند میں لینڈنگ کرنا تھا لیکن پرواز کے نو منٹ بعد ہی راکٹ تباہ ہو گیا۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن ایف اے اے نے اسپیس شپ کے ملبے کے خطرے کے باعث فلوریڈا کے کئی ہوائی اڈوں پر پروازیں عارضی طور پر روک دیں اور تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اسپیس ایکس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ راکٹ کے متعدد انجن فیل ہونے سے خلائی جہاز کا کنٹرول ختم اور رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔