Jun ۰۸, ۲۰۲۵ ۱۸:۴۱ Asia/Tehran
  • غزہ میں جنگ فورا بند کی جائے ، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے فوڈ پروگرام نے غزہ میں لوگوں کو بھوک مری سے بچانے کے لئے فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: اقوام متحدہ کے فوڈ پروگرام نے ایک بیان میں غزہ کی المناک صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ انسان دوستانہ امداد کو محفوظ طریقے سے غزہ پہنچانے کے لئے اس علاقے میں جنگ کا سلسلہ بند کئے جانے کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے فوڈ پروگرام نے اعلان کیا ہے کہ گذرگاہوں کو بند رکھنے سے بھوک مری بڑھنے کے ساتھ ساتھ مظلوم فلسطینی عام شہریوں میں مایوسی پیدا ہوئی ہے۔

اقوام متحدہ کے فوڈ پروگرام نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں ستر ہزار سے زائد بچوں کو صحیح غذا تک نصیب نہیں ہے جبکہ امدادی کاروائیاں انجام دینے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی ہے۔

اور خوراک و غذائي اشیا اگر نہیں پہنچائی گئيں تو بحران و بدامنی اور المیہ کا سلسلہ یونہی بنا رہے گا اس لئے انسان دوستانہ امداد غزہ پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ عام شہریوں کو بھوک سے نجات دلائی جا سکے۔ اقوام متحدہ کے فوڈ پروگرام نے امریکہ کی جانب سے امداد کی تقسیم کے طریقے پر کڑی تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ صیہونی حکومت فلسطینی معاشرے کو تباہ کرنے کے منصوبے پر عمل کر رہی ہے۔

اقوام متحدہ کے امدادی ادارے انروا نے بھی انسان دوستانہ امداد فوری طور پر غزہ پہنچائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی خصوصی رپورٹر البانیز نے غزہ کے انسان دوستانہ امداد کے ادارے پر جو امریکہ اور غاصب صیہونی حکومت نے قائم کیا ہے، تنقید کرتے ہوئے الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ادارے کی جانب سے امداد کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے اور جو طریقہ اختیار کیا گیا ہے وہ فلسطینی عام شہریوں کی توہین کے مترادف ہے ۔

انھوں نے کہا کہ اس طریقے سے فلسطینی عام شہریوں کو بھوکا رکھے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے خاصطور سے اس طریقے سے چھوٹے بچوں تک کو غذا سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ غزہ میں مسلح دہشت گردوں کو عام شہریوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ عام شہریوں کو بھوکا رکھے جانے کے ساتھ ساتھ انھیں مرعوب بھی کیا جا سکے۔

انسانی حقوق کے یورپی مرکز نے تاکید کی ہے کہ اسرائیل نے امداد کی تقسیم کے جھوٹے مراکز قائم کئے ہیں اور وہ بھوک کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

ٹیگس