ایران مخالف پابندیوں کی بحالی غیر قانونی، ناقابل قبول اور ناقابل عمل ہے : روس
روس نے ایران مخالف پابندیوں کی بحالی کو غیر قانونی، ناقابل قبول اور ناقابل عمل قرار دیا ہے
سحرنیوز/دنیا: روس کے وزیر خاارجہ سرگئی لاؤروف نے نیویارک میں پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ انھوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے نام خط میں ایران مخالف پابندیوں کی بحالی کے بارے میں صراحت کے ساتھ روسی موقف بیان کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ " ہم نے اس خط میں لکھا ہے کہ ایران کے خلاف پابندیوں کی واپسی کا فیصلہ، غیرمعتبر، غیر قانونی اور ناقابل عمل ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے بتایا کہ انھوں نے اس خط میں وضاحت کی ہے کہ اگر سیکریٹری جنرل گوتریش نے سلامتی کونسل میں یورپی ٹرائیکا اور امریکا کے اس غیر قانونی اقدام کو قبول کرلیا اور ان کے ساتھ تعاون کیا تو بہت بڑی غلطی کریں گے جس سے خود ان کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔
سرگئی لاؤروف نے کہا کہ قرار داد بائیس اکتیس دس سال قبل اجماع سے پاس ہوئی تھی ۔ امریکا ، فرانس اور برطانیہ نے اس کی آشکارا خلاف ورزی کی اور اب دعوی کررہے ہیں کہ ایران نے اس کی خلاف ورزی کی ہے۔
روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ مغرب کا یہ اقدام خود اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے اختیارات پر حملہ ہے۔
سرگئی لاؤروف نے کہا کہ ملکوں کو یہ حق نہیں ہے کہ اپنے پروگراموں کے مطابق سلامتی کونسل کے فیصلوں میں تحریف کریں اور غیر قانونی طور پر طاقت کا استعمال کریں ۔