Oct ۱۱, ۲۰۲۵ ۱۳:۲۷ Asia/Tehran
  • نوبل امن انعام میں سٹہ بازی کی اینٹری، نوبل انسٹی ٹیوٹ کا تحقیقات کا فیصلہ

ناروے کی نوبل انسٹی ٹیوٹ نے اعلان کیا ہے کہ مشکوک سٹہ بازی کے شواہد سامنے آنے کے بعد اس بات کی تحقیقات کی جائيں گی کہ کیا جمعہ کو وینزوئیلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماچادو کے نام کا اعلان ہونے سے پہلے ہی اس کا انکشاف ہوگیا تھا؟

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق پولی مارکیٹ نامی ایک پیش گوئی کرنے والے سٹہ پلیٹ فارم پر ماریا کورینا ماچادو کے نام کا امکان جمعرات کی رات سے جمعے کی صبح کے درمیان 3.75 فیصد سے اچانک بڑھا کر تقریباً 73 فیصد تک پہنچا دیا گیا تھا جبکہ اوسلو میں انعام کا اعلان چند گھنٹے بعد ہی ہونا تھا۔

نوبل کمیٹی کے چیئرمین یورگن واتنے فریڈنیس نے خبر رساں ایجنسی این ٹی بیسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں پوری تاریخ میں کبھی کوئی نوبل انعام لیک نہیں ہوا، میں تصور بھی نہیں کر سکتا کہ ایسا ہوا ہو۔ اس کے باوجود، نوبل انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر کرسٹیان برگ ہارپ وکین نے تصدیق کی کہ ادارہ اس سلسلے میں تحقیقات کرے گا۔

انہوں نے اخبار آفتن پوستن سے گفتگو میں کہا کہ ابھی یہ کہنا بہت جلدی ہوگا کہ واقعی نام لیک ہوا یا نہیں لیکن ہم اب اس کی تحقیقات ضرور کریں گے۔ نوبل انسٹی ٹیوٹ نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی جانب سے تبصرے کی درخواست کئے جانے پر کوئی جواب نہیں دیا۔

اگرچہ ماضی میں بعض اوقات نوبل امیدواروں کے نام نارویجن میڈیا میں غیر متوقع طور پر سامنے آتے رہے ہیں، جس کی بنیاد پر نام کے ممکنہ انکشاف پر قیاس آرائیاں ہوئیں لیکن حالیہ برسوں میں ایسا نہیں ہوا۔

قابلِ ذکر ہے کہ صرف چند منتخب افراد کو ہی پیشگی طور پر معلوم ہوتا ہے کہ 5 رکنی نوبل کمیٹی کس شخص کو انعام دینے والی ہے۔

واضح رہے کہ نوبل انعام کمیٹی نے 2025 کے نوبل امن انعام کے لئے گزشتہ روز وینزوئیلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماچاڈو کے نام کا اعلان کیا تھا۔ امریکی صدر نوبل امن انعام لینے کے بہت خواہش مند تھے اور انہوں نے یہ انعام لینے کے لئے بہت پروپیگنڈا بھی کیا تھا لیکن ٹرمپ صاحب بس ہاتھ ملتے رہ گئے۔

ٹیگس