جاپان: فلو کی وبا نے ہزاروں افراد کو اسپتال پہنچادیا، 100 سے زیادہ اسکول بند
اطلاعات کے مطابق جاپان میں فلو کی شدید وبا پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے ہزاروں افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور حکومت نے الرٹ جاری کردیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں فلو کی وبا کے نتیجے میں ہزاروں افراد کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ 4000 سے زیادہ افراد پہلے ہی اس وبا سے متاثر ہیں۔ جاپانی حکومت نے فلو کی وبا کا اعلان کرتے ہوئے 100 سے زیادہ اسکولوں اور بچوں کی دیکھ بھال کے مراکز کو بند کر دیا ہے۔
جب موسم بدلتا ہے تو فلو کی وبا بھی عام طور سے پھیلتی ہے لیکن جاپان اس وقت ایک عجیب و غریب مسئلے سے دوچار ہے۔ موسم کی تبدیلی سے تقریباً پانچ ہفتے پہلے ہی ہزاروں لوگ فلو سے متاثر ہو چکے ہیں اور کئی ہزار افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جاپانی حکومت نے ملک بھر میں فلو کی وبا کا اعلان کیا ہے ملک کے کئی شہروں میں 100 سے زیادہ اسکولوں اور بچوں کی دیکھ بھال کے مراکز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق جاپان میں فلو کی وبا عام طور پر نومبر کے آخر یا دسمبر میں شروع ہوتی ہے لیکن اس بار، یہ ستمبر کے آخری ہفتے میں شروع ہوگئی۔ ملک بھر کے 3000 اسپتالوں میں 4000 سے زیادہ مریضوں کے داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اوکی ناوا، ٹوکیو اور کاگوشیما جیسے علاقوں میں فلو کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔
طبی ماہرین کا خیال ہے کہ اس سال فلو کا انفیکشن نہ صرف جلد شروع ہوا ہے بلکہ یہ غیر معمولی تیزی سے پھیل رہا ہے تاہم بدلتے ہوئے عالمی حالات کی وجہ سے یہ نیا معمول بن سکتا ہے یا دوسرے الفاظ میں فلو کی وبا مستقبل میں ہر موسم میں پھیل سکتی ہے۔