Oct ۲۱, ۲۰۲۵ ۲۱:۵۶ Asia/Tehran
  • وائٹ ہاوس میں اب رقص خانہ بھی بن رہا ہے

امریکی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے مشرقی حصے کا تاریخی حصہ گزشتہ روز سے بھاری مشینری کے ذریعے منہدم کیا جا رہا ہے۔

سحرنیوز/دنیا:  بتایا جا رہا ہے کہ یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر دو سو پچاس ملین ڈالر مالیت کے شاندار رقص ہال کی تعمیر کے لیے کیا جا رہا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے این پی آر کے مطابق، پیر 20 اکتوبر کو وائٹ ہاؤس کے اس حصے کو گرانا شروع کیا گیا جو فرسٹ لیڈی کے دفتر کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، یہ کام اس وقت شروع کیا گیا جب ابھی تک وفاقی نگران ادارے سے اس منصوبے کی منظوری حاصل نہیں کی گئی تھی۔وال اسٹریٹ جرنل نے دعوی کیا ہے کہ امریکی وزارت خزانہ نے اپنے ملازمین کو اس معاملے پر کوئی معلومات فراہم نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔

منظر عام پر آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھاری تعمیراتی مشینری عمارت کے حصوں کو مسمار کر رہی ہے، کھڑکیاں اور دیواریں ٹوٹ کر زمین پر گر چکی ہیں۔متعدد صحافیوں نے وزارت خزانہ کے قریب واقع پارک سے یہ مناظر اپنی آنکھوں سے دیکھنے کی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے کہ یہ ایسے میں ہے امریکہ میں غربت اور افلاس نے اس ملک کے عوام کو مشکلات میں گرفتار کر رکھا ہے لاکھوں امریکی آج بھی بے گھر ہیں اور سڑک کنارے یا پارکوں میں سونے پر مجبور ہیں

 

 

ٹیگس