امریکہ کو منشیات کی ا سمگلنگ کے خلاف نیویارک میں آپریشن کرنا چاہئے، لاطینی امریکہ میں نہیں: روسی وزارت خارجہ
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے امریکی حکام کو مشورہ دیا ہےکہ اگر ان کو منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف آپریشن کرنا ہے تو یہ کام نیویارک( مین ہٹن) میں انجام دیں۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا ہے کہ اگر امریکہ منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لئے اپنی انٹیلی جنس سروسز کو فوری طور پر تعینات کرنے کا خواہاں ہے تو اسے نیویارک (مین ہٹن) میں ایک خصوصی آپریشن کرنا چاہیے۔ انہوں نے امریکہ کی خفیہ ایجنسی، سی آئی اے،کو وینزویئلا میں خفیہ کارروائیاں انجام دینے کی اجازت پر مبنی رپورٹوں کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ منشیات پورے نیویارک میں دستیاب ہے، ہر جگہ ہے، آپ سڑکوں پر لوگوں سےبات کر سکتے ہیں، وہ آپ کو بتائيں گے کہ نیویارک میں منشیات کہاں، کیسے اور کس طرح ملتی ہے۔
زاخارووا نے اس بات پر زور دیا کہ روس خطے کی پائیدار اور آزادانہ ترقی اور تمام تنازعات کو پرامن اور مہذب طریقوں سے حل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہم وینزویئلا کی قومی خودمختاری کے دفاع میں اپنی غیر متزلزل اور فیصلہ کن حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہم نے اس کا اظہار خاص طور پر اس سال 10 اور 17 اکتوبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاسوں میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بہت ضروری ہے کہ کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کیا جائے اور بین الاقوامی قانونی اصولوں کا احترام کرتے ہوئے موجودہ مسائل کے تعمیری حل کی سہولت فراہم کی جائے۔
زاخارووا کے مطابق، امریکی اقدامات سے لاطینی امریکی اور کیریبین ممالک میں تشویش بڑھ رہی ہے۔