نیپال: تباہ کن سیلاب، 175 سے زائد افراد ہلاک، 750 لاپتہ
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i455726-نیپال_تباہ_کن_سیلاب_175_سے_زائد_افراد_ہلاک_750_لاپتہ
نیپال میں اچانک آئے سیلاب سے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، اب تک 175 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 750 افراد لاپتہ ہیں۔
(last modified 2026-08-27T09:18:31+00:00 )
Aug ۲۷, ۲۰۲۶ ۱۲:۴۸ Asia/Tehran
  • نیپال: تباہ کن سیلاب، 175 سے زائد افراد ہلاک، 750 لاپتہ

نیپال میں اچانک آئے سیلاب سے وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، اب تک 175 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 750 افراد لاپتہ ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: کاٹھمانڈو سے موصولہ رپورٹ کے مطابق نیپال اور تبت کی سرحد پر واقع تین اضلاع میں آئے تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے اب تک کم از کم 177 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد لاپتہ ہیں، جن میں بڑی تعداد غیر ملکی سیاحوں کی ہے۔

 

اطلاعات کے مطابق لاپتہ افراد میں سیکورٹی اہلکار بھی شامل ہیں، نیپالی فوج نے متاثرہ علاقوں سے 250 سے زائد افراد کو باہر نکال لیا ہے۔ لاپتہ افراد میں 139 افراد ہندوستانی شہری جبکہ لاپتہ سیاحوں کی تعداد 391 بتائی گئی ہے۔

نیپال کے سرکاری ذرائع کے مطابق نیپالی فوج کے 44 اہلکار، نیپال پولیس کے 28 اور نیپالی مسلح افواج کے 13 اہلکار لا پتہ ہیں جن سے ابھی تک رابطہ نہیں ہوسکا ہے۔

 

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی حتمی تعداد مذکورہ تعداد سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ تلاش اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ بعض خبروں میں لاپتہ افراد کی تعداد 1500 بتائی گئی ہے جن میں 800 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔

نیپال کے وزیرِ اعظم بلیندر شاہ کے مطابق پورا ملک صدمے میں ہے، بعض زندہ بچ جانے والوں نے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے اہلِ خانہ کو سیلابی ریلے میں بہتے دیکھا۔

حکام نے شروع میں خیال ظاہر کیا تھا کہ اچانک آنے والے سیلاب کی وجہ زلزلہ تھا، تاہم تازہ ترین تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ علاقے میں کوئی زلزلہ نہیں آیا تھا اور گلیشیئر کے منہدم ہونے اور مٹی و پتھروں کے بڑے بہاؤ نے اس زلزلے جیسے تباہ کن واقعے کو جنم دیا۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel