ایتھوپیا میں آرتھوڈوکس عیسائیوں پر حملے، 60 افراد ہلاک
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i458206-ایتھوپیا_میں_آرتھوڈوکس_عیسائیوں_پر_حملے_60_افراد_ہلاک
ادیس ابابا سے موصولہ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایتھوپیا کے علاقے اورومیا میں آرتھوڈوکس عیسائیوں کے گرجا گھروں اور گھروں پر حملوں میں 60 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
(last modified 2026-10-27T12:31:36+00:00 )
Oct ۲۷, ۲۰۲۶ ۱۶:۰۱ Asia/Tehran
  • ایتھوپیا میں آرتھوڈوکس عیسائیوں پر حملے، 60 افراد ہلاک

ادیس ابابا سے موصولہ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایتھوپیا کے علاقے اورومیا میں آرتھوڈوکس عیسائیوں کے گرجا گھروں اور گھروں پر حملوں میں 60 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

سحرنیوز/دنیا: مقامی باشندوں اور متعلقہ ادارے، اے سی ایل ای ڈی، نے پیر کے روز خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو یہ اطلاع دی۔ اے سی ایل ای ڈی نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق یہ حملہ مذہبی بنیادوں پر کیا گیا اور اس میں آرتھوڈوکس عیسائیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ادارے کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں مقامی مسلح گروہوں کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں، جو ہفتے کی دوپہر سے شام تک جاری رہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ اورومیا علاقہ دارالحکومت ادیس ابابا سے تقریباً 270 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔

ایتھوپیا کی سب سے بڑی ریاست اورومیا کی آبادی تقریباً 4 کروڑ ہے اور یہ علاقہ طویل عرصے سے مسلح شورش اور حکومت مخالف سرگرمیوں کی لپیٹ میں ہے۔

اس علاقے میں سرکاری فورسز اور مسلح گروہوں کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث متعدد علاقوں میں امن و امان کی صورتِ حال متاثر ہوئی ہے، جبکہ شہری آبادی کو تشدد، نقل مکانی اور املاک کے نقصان جیسے خطرات کا سامنا ہے۔ اورومیا میں سیاسی، نسلی اور علاقائی اختلافات بھی تنازعات میں پیچیدگی کا سبب بنتے ہیں۔  

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایتھوپیا کے آرتھوڈوکس چرچ نے ایک بیان میں کہا کہ 20 اکتوبر کو بھی میرٹی وریڈا علاقے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے تاہم چرچ حکام نے ہلاکتوں کی تفصیلات یا حملوں کے ذمہ داروں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp hannel